اسلام آباد / نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رواں ماہ 25 ستمبر کو ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر طے پانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوں گے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے لیے کی جانے والی کوششیں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ اسرائیلی حملوں اور دوحہ میں مسلم ممالک کی حالیہ کانفرنس کے تناظر میں وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دوحہ اور ریاض کے دوروں کے بعد ملاقات کی راہ مزید ہموار ہوئی ہے۔ ملاقات کے ایجنڈے، وقت اور مقام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اگرچہ 23 ستمبر کو صدر ٹرمپ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے اور عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں روایتی استقبالیہ دیں گے، تاہم ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور ٹرمپ کے درمیان تفصیلی ملاقات 25 ستمبر کو واشنگٹن میں متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقات قطر اور سعودی عرب کی مشاورت و حمایت سے طے پا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران قطر پر اسرائیلی حملوں کے اثرات، پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں اور پاک بھارت تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
پاکستانی سفارتخانے نے اس ممکنہ ملاقات پر تبصرہ کرنے یا کسی قسم کی تردید سے فی الحال گریز کیا ہے۔

