اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق یہ ملاقات عرب اسلامک سربراہی اجلاس کے موقع پر دوحہ میں ہوئی، جس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 9 ستمبر کو ہونے والے اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے قطر کی جانب سے سمٹ بلانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر امیر قطر نے اجلاس میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں مسلم امہ کے اتحاد کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام قائم کیا جا سکے۔

