خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے گاؤں خوجڑی کے 23 ماہی گیر عمان کی سمندری حدود میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ ایک ماہی گیر کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ باقی 22 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ کے مطابق یہ ماہی گیر 6 ستمبر کو گوادر سے مچھلیاں پکڑنے کے لیے عمان گئے تھے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب لانچ کے کمپریسر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ قریبی بحری جہاز کے عملے نے ایک شخص کو بحفاظت نکال لیا، تاہم باقی ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے۔
ادھر لاپتہ ماہی گیروں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ عمان میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اہل خانہ نے حکومت پاکستان اور حکومت عمان سے اپیل کی ہے کہ لاپتہ افراد کی فوری تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

