اوچ شریف، خیرپورٹامیوالی اور صدر بہاولپور کی درجنوں بستیاں اب بھی زیر آب
بہاولپور: دریائے ستلج کے سیلاب میں کمی کے بعد بہاولپور کی دریائی تحصیلوں میں پانی کی سطح بتدریج کم ہونے لگی ہے، تاہم بعض مقامات پر اب بھی کئی کئی فٹ پانی موجود ہے۔
اوچ شریف، تحصیل خیرپورٹامیوالی اور تحصیل صدر بہاولپور کی متعدد بستیاں زیر آب ہیں، جبکہ قادر آباد کے ایک سرکاری اسکول کی عمارت میں 5 فٹ پانی کھڑا ہے۔ سیکڑوں متاثرہ افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کو کشتیوں کے ذریعے کھانا پہنچایا جا رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق سیلابی پانی تیزی سے نیچے جا رہا ہے اور 24 سے 48 گھنٹوں میں دریا کا بہاؤ معمول پر آنے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شجاع آباد اور جلال پور پیروالا کے مقام پر دو بندوں میں شگاف پڑنے کے باعث موٹروے کو بند کر کے مرمتی کام جاری ہے، جبکہ گوجرانوالہ اور گجرات میں نکاسی آب کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے۔

