امریکی ریاست پنسلوینیا کی یارک کاؤنٹی میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 اہلکار شدید زخمی ہیں۔ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار علاقے میں ایک کیس کی تفتیش میں مصروف تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اچانک نمودار ہونے والے حملہ آور نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر افرا تفری پھیل گئی۔ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید تفصیلات جلد منظرِ عام پر لانے کا اعلان کیا ہے۔

