ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025: بھارت نے سپر فور میں پاکستان کو دوسری بار شکست دے دی
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے میں آج کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان کو ایک بار پھر روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے۔ تاہم بھارتی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 172 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس طرح بھارت نے پاکستان کو سپر فور مرحلے میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری مرتبہ زیر کرلیا۔
اس شکست کے بعد پاکستان کے لیے ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی کے امکانات انتہائی محدود ہوگئے ہیں۔ گرین شرٹس کو فائنل تک پہنچنے کے لیے اپنے باقی دونوں میچ لازمی جیتنا ہوں گے، جبکہ کسی ایک میچ میں بھی ناکامی کی صورت میں پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔
پاکستان اپنا اگلا میچ 23 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، جبکہ دوسرا اور آخری سپر فور میچ 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف ہوگا۔ دوسری جانب بنگلادیش سپر فور مرحلے میں پہلے ہی ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکا ہے، جو پاکستان کے لیے صورتحال کو مزید مشکل بناتا ہے۔

