پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسرائیلی جنگی جرائم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت پر قائم ہے۔ غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، بنیادی انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں اور وہاں ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور غزہ تک امدادی سامان کی بلاتعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

