نیو یارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا کی ملاقات ہوئی، جس میں اجے بنگا نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت پاکستان کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا اور کورونا وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کی دیرینہ حمایت کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے آپریشنز کو آسان بنانے، نجی شعبے میں وسائل کو مزید متحرک کرنے اور ورلڈ بینک کو تیز تر اور زیادہ مؤثر ترقیاتی شراکت دار میں تبدیل کرنے پر اجے بنگا کی قیادت کو سراہا۔شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کی بھی تعریف کی، جبکہ صدر ورلڈ بینک اجے بنگا نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

