نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی معیشت پر حالیہ سیلاب کے اثرات کو آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے جائزے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ اور تعمیری شراکت داری کو سراہتے ہوئے مختلف اقدامات پر بروقت تعاون کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف اور وعدوں پر پیش رفت کر رہا ہے اور اس دوران آنے والے حالیہ سیلاب کے معیشت پر اثرات کو پروگرام کے جائزے میں ضرور شامل کیا جانا چاہیے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور بحالی کے مؤثر اقدامات کے لیے نقصانات کے درست تخمینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے مضبوط معاشی پالیسیوں پر عمل درآمد کے عزم کی بھی تعریف کی۔

