دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں کامیاب ٹیم بھارت کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائے گی۔ پاکستان کو فائنل کے دروازے کھولنے کے لیے یہ میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔
گرین شرٹس کے کپتان سلمان علی آغا اور اوپنر صائم ایوب اس وقت اچھی فارم میں نہیں ہیں، تاہم ٹیم مینجمنٹ نے بیٹنگ لائن میں بہتری کے لیے نوجوان بلے باز حسن نواز کو شامل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے اور ان کے کھیلنے کے امکانات روشن ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 20 جبکہ بنگلہ دیش نے صرف 5 میچز اپنے نام کیے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فاسٹ باؤلرز کا مزاج ہمیشہ جارحانہ رہا ہے اور پوری ٹیم فائنل کے لیے بھرپور تیاری کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے اور کھلاڑی ہر میچ میں سو فیصد کارکردگی دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

