اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے ان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں امن کا داعی قرار دیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی دلیرانہ اور فیصلہ کن قیادت کی تعریف کی، جس کے باعث جنوبی ایشیا میں بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔
وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی کاوشوں کو سراہا، خصوصاً ان کی اس پہل کو اہم قرار دیا جس کے تحت انہوں نے نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کو امن مذاکرات کے لیے مدعو کیا۔ ملاقات میں پاک-امریکہ تعلقات، علاقائی سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور تجارتی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے رواں سال طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی بھی دعوت پیش کی۔

