پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 136 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود 9 وکٹوں پر صرف 124 رنز بنا سکی۔ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور اہم لمحات پر وکٹیں حاصل کرکے جیت کو یقینی بنایا۔
یہ کامیابی پاکستان کرکٹ کے لیے اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ اس جیت کے بعد پاکستان پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گا۔ بھارت پہلے ہی سپر فور مرحلے میں اپنی فتوحات کے باعث فائنل میں جگہ پکا کر چکا تھا۔ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جس کا شائقین کرکٹ کئی برسوں سے انتظار کر رہے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سنسنی خیز معرکہ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا جس کے لیے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بے حد پرجوش ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت اب تک سب سے زیادہ 8 بار ٹرافی اپنے نام کر چکا ہے، سری لنکا 6 مرتبہ فاتح رہا جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز صرف 2 بار حاصل کیا ہے۔ اس بار پاکستان کو نہ صرف بھارت کے خلاف تاریخی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوگا بلکہ ٹیم کو تیسری بار ایشیا کپ جیتنے کا بھی سنہری موقع ملے گا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ یہ فائنل دونوں ٹیموں کی کارکردگی، اعصاب کی مضبوطی اور بہترین حکمت عملی کا زبردست امتحان ہوگا۔

