قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے بنگلادیش کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 11 رنز سے کامیابی کے بعد کہا کہ ٹیم فائنل کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور جانتی ہے کہ فیصلہ کن میچ میں کیا حکمت عملی اپنانی ہے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ اس طرح کے سخت مقابلے جیتنے والی ٹیمیں ہی خاص کہلاتی ہیں۔ انہوں نے شاندار بولنگ اور شاندار فیلڈنگ کو کامیابی کا اہم راز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح بولرز نے دباؤ میں رہ کر کارکردگی دکھائی، وہ قابلِ تعریف ہے۔
کپتان نے خاص طور پر فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہین نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا جس سے میچ ہمارے حق میں رہا۔ سلمان آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اعتماد اور اتحاد ہے، اور یہی جذبہ ہمیں فائنل میں کامیابی دلانے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ بھارت کے خلاف فائنل میں کیا کرنا ہے اور ہم اس بڑے معرکے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر پوری طرح تیار ہیں۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ رواں ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں دو بار ایک دوسرے سے ٹکرا چکی ہیں اور دونوں بار بھارت کو کامیابی ملی، تاہم اب شائقین 28 ستمبر کو ایک نئے اور فیصلہ کن مقابلے کے گواہ بنیں گے۔ ایشیا کپ کے گزشتہ 16 ایڈیشنز میں بھارت 8 بار، سری لنکا 6 بار اور پاکستان 2 بار ٹرافی جیت چکا ہے، اس لیے اس تاریخی فائنل میں پاکستان کو نہ صرف بدلہ لینے بلکہ تیسری بار ٹرافی اپنے نام کرنے کا سنہری موقع حاصل ہوگا۔

