شاہین شاہ آفریدی کا تاریخی کارنامہ، ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے والے فاسٹ بولر بن گئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار سنگِ میل عبور کرلیا۔ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جہاں شاہین آفریدی نے اپنی آل راؤنڈ پرفارمنس سے ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پاکستان کے 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔ شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 17 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور حریف بیٹنگ لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
بولنگ کے ساتھ ساتھ شاہین نے بیٹنگ میں بھی اہم کردار نبھایا اور محض 13 گیندوں پر 19 قیمتی رنز اسکور کیے، جس میں دو شاندار چھکے شامل تھے۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 10واں مین آف دی میچ ایوارڈ اپنے نام کیا اور اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے فاسٹ بولر بن گئے۔
شاہین کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی شاندار فارم کا ثبوت ہے بلکہ پاکستان کے لیے فائنل سے قبل ایک خوش آئند اشارہ بھی ہے، جہاں گرین شرٹس ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کے خلاف فیصلہ کن معرکے میں میدان میں اتریں گے۔

