کینیڈا نیش کپ اسکواش میں پاکستان کی شاندار پیش قدمی، اشعب عرفان اور نور زمان سیمی فائنل میں داخل
کینیڈا میں جاری نیش کپ اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھا کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان کے اشعب عرفان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارتی کھلاڑی ویر چھوثرانی کو 2-3 سے شکست دی۔ سیڈ نمبر 8 اشعب نے سیڈ نمبر 4 ویر چھوثرانی کے خلاف پہلا اور دوسرا گیم ہارنے کے باوجود شاندار کم بیک کیا اور اگلے تینوں گیمز 9-11، 4-11، 11-8، 11-8 اور 11-8 سے جیت کر سیمی فائنل میں پہنچے۔
پاکستان کے ایک اور ٹیلنٹڈ پلیئر نور زمان نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کولمبیا کے رونالڈ پولامینو کو کوارٹر فائنل میں 1-3 سے شکست دی۔ نور زمان نے پہلا گیم 11-4 سے جیتا، دوسرا 10-12 سے ہارنے کے بعد اگلے دونوں گیمز 11-7 اور 11-7 سے اپنے نام کیے۔
31 ہزار 250 ڈالر انعامی رقم کے حامل اس ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی اسکواش میں پاکستان کا نام ایک بار پھر ابھر رہا ہے۔ اشعب عرفان اور نور زمان کی یہ فتوحات نہ صرف پاکستانی شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہیں بلکہ سیمی فائنل میں کامیابی کی امیدیں بھی بڑھا رہی ہیں۔

