ایشیا کپ فائنل: پاکستان اور بھارت کا تاریخی ٹاکرا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کھلاڑیوں کو اہم پیغام
دبئی: ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت پہلی بار ٹرافی کے لیے اتوار کے روز آمنے سامنے ہوں گے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس بڑے معرکے سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں اور دباؤ والے لمحات میں توانائی ضائع نہ کریں۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ نے بنگلادیش کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’بھارت کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک جذباتی مرحلہ ہوتا ہے، مگر ہمیں اپنی توانائی صرف میدان میں بہترین کارکردگی پر صرف کرنی ہے۔‘‘ انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلے میچ میں پاکستان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی، تاہم دوسرے مقابلے میں ٹیم نے شاندار فائٹ بیک کیا اور بھارتی ٹیم کو کافی دیر تک دباؤ میں رکھا۔
ہیسن نے کہا کہ ’’فائنل میں کامیابی کے لیے ہمیں اسی دباؤ کو زیادہ دیر تک برقرار رکھنا ہوگا، یہی اصل چیلنج ہے۔ ٹیم مسلسل کامیابیوں کے بعد اعتماد حاصل کر چکی ہے اور کھلاڑی اس تاریخی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ بھارت اب تک 8 بار ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کرچکا ہے، جبکہ پاکستان صرف 2 مرتبہ ایشین چیمپئن بن سکا ہے، گرین شرٹس نے آخری بار 2012 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اتوار کو ہونے والا یہ ٹاکرا نہ صرف ایشیا کپ کی تاریخ بلکہ پاک بھارت کرکٹ کی روایتی دشمنی کے تناظر میں بھی شائقین کے لیے یادگار ثابت ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں اعزاز کے ساتھ ساتھ فینز کے دل جیتنے کے لیے بھی میدان میں اتریں گی۔

