لاہور: وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ بھرپور قوت اور جانفشانی سے پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب متاثرین کے حوالے سے کسی کو بھی سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت ہر ممکن اقدام کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے نہ صرف عوامی نمائندہ ہونے کا حق ادا کیا ہے بلکہ اپنی قیادت اور عملی اقدامات سے یہ ثابت کیا ہے کہ پنجاب کے عوام نے انہیں جس مینڈیٹ کے ساتھ منتخب کیا ہے وہ اس پر پورا اتر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بروقت ریلیف آپریشنز کی نگرانی بھی خود کی ہے، یہی وجہ ہے کہ متاثرین تک امداد تیزی سے پہنچ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو عناصر محض بیانات کے ذریعے اپنی سیاسی دکان چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ غیر ضروری زبان درازی سے گریز کریں، کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ عملی خدمت کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے حکومت پنجاب نے خصوصی فنڈز قائم کیے ہیں، متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام جاری ہیں اور ہر ضلع میں انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ سیاست کے لیے دیگر کئی ایشوز موجود ہیں لیکن قدرتی آفات کے نام پر سیاست چمکانا انسانی ہمدردی کے منافی عمل ہے۔ عظمیٰ بخاری نے زور دیا کہ سیاسی جماعتیں اگر واقعی عوامی خدمت چاہتی ہیں تو حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی عملی مدد کریں، تاکہ سیلاب زدہ خاندانوں کو جلد از جلد معمولاتِ زندگی کی بحالی میں مدد مل سکے۔

