دبئی: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل کل بروز اتوار دبئی میں کھیلا جائے گا، تاہم فائنل سے قبل روایتی سرگرمیوں میں تناؤ کے اثرات نمایاں ہیں۔ اس بار دونوں ملکوں کے کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہورہا۔ منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کو ایسا کچھ نہیں ہوگا جبکہ اتوار کو فائنل سے قبل اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
بھارتی ٹیم پہلے دو میچز میں پاکستان کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کرتی رہی ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فائنل میں بھی ٹرافی کے ساتھ دونوں کپتانوں کی مشترکہ تصاویر نہیں بنیں گی۔ اس رویے پر سابق بھارتی کرکٹرز بھی تنقید کر چکے ہیں اور اسے کھیل کی اصل روح کے منافی قرار دے رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات 7 بجے پاکستانی وقت کے مطابق دبئی میں پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وہ فائنل کے حوالے سے اپنی حکمتِ عملی اور تیاریوں پر بات کریں گے۔دوسری جانب پاکستان ٹیم فائنل سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آج رات 7 سے 10 بجے تک دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کرے گی، تاکہ تاریخی میچ کے لیے بھرپور انداز میں میدان میں اُتر سکے۔

