بلوچستان کے علاقے دریشک میں سکیورٹی فورسز کے ایک بڑے اور کامیاب آپریشن کے دوران 17 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مُلا نذیر گروپ کی علاقے میں موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا، جس میں پاک فوج، اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن دو روز تک جاری رہا اور اس دوران 17 خوارج کو ہلاک جبکہ 10 سے زائد کو زخمی کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دریشک کے انتہائی دشوار گزار اور پہاڑی علاقے میں موجود خوارج کے ٹھکانے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نشانہ بنایا۔ کئی روز سے علاقے میں دہشت گردوں کے جمع ہونے کی اطلاعات مل رہی تھیں، جن کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔
آپریشن کی تکمیل کے بعد علاقہ مکینوں نے سکیورٹی فورسز کا شاندار استقبال کیا۔ مقامی افراد نے وطن کے دفاع میں اہم کامیابی حاصل کرنے پر سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا اور جشن منایا۔

