وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔ وہ لاہور میں سیلاب سروے مہم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ متاثرین کو مہمانوں کی طرح تین وقت کا باعزت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے اور اب تک پنجاب بھر میں 25 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی عوام کو ان کی ضرورت تھی، وہ خود وہاں موجود رہی ہیں تاکہ مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کام کر رہا ہے جبکہ کچھ لوگ صرف تنقید میں مصروف ہیں۔ ان کے بقول جو لوگ تنقید کر رہے ہیں انہیں بھی عوامی خدمت کے لیے کچھ عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ کچھ لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ کیمرے کے سامنے آتی ہیں، لیکن جب کام ہوتا ہے تو وہ خود بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص خاموش بیٹھا رہے وہ دراصل کام نہیں بلکہ آرام کر رہا ہوتا ہے۔

