دبئی: بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل سے پہلے پاکستانی ٹیم کی دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں آمد پر شائقین نے قومی کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔
پاکستانی فینز نے ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے "دل دل پاکستان” اور "جیوے جیوے پاکستان” کے نعرے بلند کیے۔ فضا قومی جوش و جذبے سے گونج اٹھی۔
خصوصی طور پر اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی آمد پر شائقین کے جذبات عروج پر پہنچ گئے۔ شائقین کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں نے دل جیت لیا اور دونوں نے فینز کی محبت کا بھرپور جواب دیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم سے تقریباً 1200 میٹر کی دوری پر واقع آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس سے قبل صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف نے پاکستانی فینز سے ہاتھ ملایا اور ان کی گرم جوشی کا جواب محبت اور خلوص سے دیا۔
شائقین کی جانب سے "او شہزادہ” اور "فرحان بھائی، پھر ایک مرتبہ!” جیسے نعرے لگائے گئے جبکہ پشتون فینز نے فخر زمان کے لیے پشتو میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ایشیا کپ فائنل سے قبل پاکستانی شائقین کا جوش و خروش آسمان کو چھو رہا ہے اور سب اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔

