نیپال کرکٹ ٹیم نے دو بار کے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار اور تاریخی فتح حاصل کرلی۔
ہفتے کو شارجہ میں کھیلی گئی تین میچز کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو 19 رنز سے ہرایا۔ یہ نیپال کی کسی بھی فل ممبر ٹیم کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی کامیابی ہے۔
اس سے قبل 2014 میں نیپال نے افغانستان کو ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دی تھی، لیکن اس وقت افغانستان آئی سی سی کا فل ممبر نہیں تھا۔
شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر نیپال کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیپال نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ روہت 38 اور کوشل ملا 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 129 رنز بنا سکی۔ عامر جانگو اور ایلن 19،19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
یوں نیپال نے دو بار کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 19 رنز سے شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ میں یادگار کامیابی اپنے نام کر لی۔

