سندھ حکومت نے صوبے کے 6 بڑے شہروں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ فائنل میچ بڑی اسکرین پر دکھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شائقین کرکٹ کو فائنل میچ کا لطف بھرپور انداز میں فراہم کرنا ہے۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل آج دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاک بھارت ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔
پاکستانی ٹیم جیت کے لیے پُرعزم ہے اور شائقین کرکٹ انتہائی پُرجوش ہیں۔ گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں اور ملک بھر میں شائقین پاکستان کی فتح کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔
وزیر کھیل سندھ کے مطابق کراچی میں سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر، حیدرآباد میں سندھ اسپورٹس بورڈ ہاسٹل، گھوٹکی میں علی محمد خان مہر اسپورٹس کمپلیکس اور شہید بینظیرآباد میں بلاول اسپورٹس کمپلیکس میں میچ براہِ راست بڑی اسکرینوں پر دکھایا جائے گا۔
اسی طرح میرپورخاص میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو گاما اسٹیڈیم اور لاڑکانہ کے کھڑا کمپلیکس میں بھی شائقین کرکٹ اس تاریخی پاک بھارت فائنل کو بڑی اسکرینوں پر دیکھ سکیں گے۔
یہ اقدام کرکٹ کے دیوانوں کے لیے ایک شاندار موقع ہے تاکہ وہ اجتماعی ماحول میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہو سکیں اور گرین شرٹس کی جیت کی خوشی کو ایک ساتھ منائیں۔

