ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے غیر اسپورٹس مین رویے پر پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سخت ردِعمل دیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے کرکٹ جیسے کھیل کی ثقافت اور اسپرٹ کو برباد کرکے مودی کی سیاسی انا کو سہارا دینے کی کوشش کی ہے، جو برصغیر میں امن کے امکانات کو مزید کم کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مودی اس وقت اپنی سیاست بچانے کے لیے کھیل کو سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں، لیکن عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پاک بھارت جنگ کا اسکور چھ صفر ہے، جو اب پتھر پر کندہ ہوچکا ہے۔ وزیرِ دفاع کے مطابق مودی نہ صرف بھارت کے اندر بلکہ دنیا بھر میں بھی اپنی حرکتوں کی وجہ سے خوار ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے متعدد مواقع پر کھیل کے آداب کی کھلی خلاف ورزی کی۔ فائنل میچ سے پہلے بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ روایتی تصویر نہیں بنوائی، جبکہ میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا۔
یہی نہیں، ٹرافی کی تقسیم کے وقت بھی بھارتی بورڈ کی ایما پر کھلاڑیوں نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔ بھارتی ٹیم کے اس فیصلے کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل کی اختتامی تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔
ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ کھیل میں سیاست کو شامل کرنے کا یہ طرزِ عمل نہ صرف بھارت کے امیج کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ خطے میں کرکٹ ڈپلومیسی اور تعلقات کی بہتری کے امکانات کو بھی کم کر رہا ہے۔

