ایشیا کپ کے فائنل کے بعد دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی جب بھارتی ٹیم کھڑی انتظار کرتی رہ گئی لیکن انہیں ایشیا کپ کی اصل ٹرافی نہیں دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اب بھارتی ٹیم کو ٹرافی ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے جا چکی ہے۔
اس حیران کن واقعے کے دوران بھارتی کھلاڑی نہ صرف ٹرافی بلکہ میڈلز اور چیمپئن بورڈ سے بھی محروم رہے۔ نتیجتاً بھارتی ٹیم نے چیمپئن کا بورڈ اور ٹرافی دونوں کے بغیر ہی یادگاری تصاویر بنوانے پر اکتفا کیا۔ اس دوران اسٹیڈیم کی لائٹس بھی بند کر دی گئیں جبکہ بھارتی ٹیم تاحال گراؤنڈ میں موجود رہی اور ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹرافی لے کر ہی واپس جائیں گے۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب بھارتی بورڈ کی ایما پر بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صاف انکار کیا۔ بھارتی کھلاڑیوں کے اس رویے پر محسن نقوی بھی اپنے فیصلے پر ڈٹ گئے اور ٹرافی دینے سے انکار کردیا۔ اس ہٹ دھرمی کے باعث فائنل میچ کی اختتامی تقریب بھی خاصی تاخیر کا شکار ہوئی۔
بعد میں تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو بتایا کہ اے سی سی کی جانب سے انہیں باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔ اس اعلان کے بعد ماحول مزید سنجیدہ ہوگیا اور بھارتی شائقین بھی حیرت میں مبتلا دکھائی دیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی ٹیم نے کھیل کی روح کے برعکس رویہ اختیار کیا تھا۔ فائنل میچ سے پہلے بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ روایتی تصویر نہیں بنوائی اور میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کا یہ رویہ نہ صرف کھیل کی اسپرٹ کے منافی ہے بلکہ ایشیا کپ کی تاریخ میں ایک افسوسناک باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
