دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی نے اختتامی تقریب کو متنازع بنا دیا۔ بھارتی بورڈ کی ہدایت پر بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صاف انکار کیا۔ پاکستان کے کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کے بعد بھارتی ٹیم ایشیا کپ جیتنے کے باوجود اسی ضد پر قائم رہی۔
بھارتی کھلاڑیوں کے اس رویے کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی۔ صدر اے سی سی محسن نقوی نے بھی دباؤ کے باوجود اپنا مؤقف برقرار رکھا اور بھارتی ٹیم کو کسی اور ذریعے سے بھی ٹرافی دینے سے انکار کردیا۔ اس دوران بی سی سی آئی نے اے سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ بھارتی ٹیم ٹرافی وصول نہیں کرے گی، جس کے بعد ٹرافی کو میدان سے واپس منگوا لیا گیا۔
تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے شائقین کو بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے انہیں مطلع کیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔ یہ اعلان سنتے ہی اسٹیڈیم میں موجود شائقین حیران رہ گئے اور تقریب کا ماحول مزید سنجیدہ ہوگیا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے کھیل کی اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا اور فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ روایتی تصویر بھی نہیں بنوائی۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق بھارتی ٹیم کا یہ رویہ کھیل کی روایات کے منافی اور کرکٹ کی عالمی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔
