لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا کہ کئی دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پاکستان نے حالیہ معرکۂ حق میں اپنے آپ کو دفاعی طور پر ایک مضبوط ملک کے طور پر ثابت کیا ہے، اور اب وقت ہے کہ پاکستان اپنی معاشی طاقت بڑھانے پر توجہ دے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے یکساں فائدہ مند ہے اور اس پر کسی بھی ملک نے کوئی تحفظات ظاہر نہیں کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر دوست ممالک بھی اسی نوعیت کے معاہدے کے خواہاں ہیں تاکہ باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ 17 ستمبر کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دارالحکومت ریاض میں ایک تاریخی دفاعی معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر جارحیت کی جاتی ہے تو اسے دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف خطے میں دفاعی توازن کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستان کی سفارتی اور اسٹریٹجک پوزیشن کو بھی مضبوط بنائے گا۔

