لیہ:دہرے قتل کے اے کیٹیگری کے اشتہاری علی محمد عرف علیم افغانی پٹھان چکوال سے گرفتار
لیہ (نیوز رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے دہرے قتل، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دہرے قتل کے اے کیٹیگری کے اشتہاری علی محمد عرف علیم افغانی پٹھان کو چکوال سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے چار سال قبل تھانہ چوک اعظم کی حدود مویشی منڈی میں شیر خان کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جبکہ گزشتہ سال تھانہ چوبارہ کی حدود میں حمید موڑ پر حکیم جان خان کو قتل کر کے لاش کو آگ لگا دی تھی۔
ملزم نے مقتول کی گھوڑی کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔ سی سی ڈی کے مطابق چار سال سے مفرور رہنے والا یہ اشتہاری ملزم مزید تحقیقات کے لیے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ دوسری کارروائی میں تھانہ چوبارہ کی حدود میں ٹرک لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ مرکزی ملزم امجد علی بٹر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 330 گٹو ونڈے سے بھرا ٹرک چھین کر فرار ہو گیا تھا۔ ملزمان نے ٹرک ڈرائیور سے نقدی اور موبائل فون بھی چھین لیے تھے۔ گرفتار ملزمان کو پابند سلاسل کر کے ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

