فیصل آباد: اگر پنجاب کے معاملات پر بلاوجہ تنقید کی گئی تو وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پنجاب پر انگلی اٹھاتے ہیں انہیں وہ گھر تک چھوڑ کر آئیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ اگر پنجاب اپنی نہریں نکالنا چاہتا ہے تو دوسروں کو اس پر اعتراض کیوں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی پنجاب کا ہے، پیسہ پنجاب کا ہے اور صوبہ بھی پنجاب کا ہے، اس لیے کسی دوسرے صوبے کو تکلیف کا جواز نہیں بنتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب نے کبھی کسی دوسرے صوبے کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، اس لیے دوسروں کو بھی پنجاب کے کاموں میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مثبت تنقید کو خوش آمدید کہتی ہیں لیکن پنجاب پر الزام تراشی برداشت نہیں کریں گی۔
مریم نواز نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دنیا نے پگڑیاں اچھالنے والوں کا حال دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں عوام کو بجلی کے بلوں پر ریلیف دیا گیا تو مخالفین آئی ایم ایف تک شکایتیں لے کر پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے کا حل صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں بلکہ صوبوں کو ان کا حق دینے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالفین کو پنجاب میں منفی بات کرنے کا کوئی موقع نہیں ملتا۔ مریم نواز نے فیصل آباد میں جلد میٹرو بس منصوبے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں یورپی معیار کی بسیں چل رہی ہیں، ڈیفالٹ کی باتیں ختم ہو چکی ہیں اور اب ترقی کے لیے صرف نیت درکار ہے۔

