راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے دو گھنٹے تک ملاقات کی۔
یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔ یہ فیصلہ ان کے وکیل کی درخواست پر کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ نے کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن کا مؤقف سنا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تین ہفتوں کے لیے کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روک لگا رکھی ہے۔ عدالت نے وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی فی الحال روک دی۔

