وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایک سال کے دوران تیل اور گیس کی پانچ نئی دریافتیں پاکستان میں ہائیڈرو کاربن کے وسیع ذخائر کی موجودگی کا واضح ثبوت ہیں۔
او جی ڈی سی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر علی پرویز ملک کو کمپنی کی آپریشنل سرگرمیوں اور اسٹریٹجک پروڈکشن آپٹیمائزیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایم ڈی او جی ڈی سی نے دوران بریفنگ بتایا کہ حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ اقدامات خوش آئند ہیں اور یہ اقدامات مستقبل کی سمت واضح کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے پیٹرولیم سیکٹر میں جاری اصلاحات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ذرائع سے پیداوار بڑھانا انرجی سیکٹر کے لیے مستقبل کا سب سے مضبوط راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنیاں اس مقصد کے لیے بہترین کارکردگی دکھا رہی ہیں اور ملکی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

