کراچی میں آج دوپہر کے بعد آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات پر موجود ہے جسے بحیرہ عرب سے نمی کی صورت میں تقویت مل رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم مزید شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے اور امکان ہے کہ کل تک شمالی بحیرہ عرب میں داخل ہو جائے۔ اس صورت میں سمندر میں طغیانی بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سسٹم کے زیر اثر سندھ کے ساحلی اور صحرائی اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ ٹھٹہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، مٹھی اور عمرکوٹ میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جس سے موسم خوشگوار لیکن بعض مقامات پر نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔
کراچی میں بھی آج دوپہر کے بعد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اس دوران شہر میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز اور سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔

