بھارتی کرکٹ ٹیم کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والے کپتان کپل دیو نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپل دیو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ممالک ہیں اور انہیں اچھے پڑوسی ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔ ان کے مطابق آگے بڑھنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے اختلافات دور کیے جائیں۔ کپل دیو نے مزید کہا کہ ہمیں بڑے بھائی کی حیثیت سے آگے آنا چاہیے اور پرانے معاملات کو بھلا کر مستقبل کے بہتر تعلقات کے لیے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران کئی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، تاہم ٹورنامنٹ مودی سرکار کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے تنازعات کی نذر ہوگیا۔ ہاتھ ملانے سے شروع ہونے والا تنازع بھارتی ٹیم کی فتح کے باوجود کھلاڑیوں کے خالی ہاتھ میدان سے رخصت ہونے پر ختم ہوا، جس نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید تلخی پیدا کر دی۔

