آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کا آغاز آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ سے ہوگا، ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سمیت نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور میزبان بھارت شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
پاکستانی ویمن ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گی اور اپنی مہم کا آغاز 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کرے گی۔ کپتان فاطمہ ثنا نے کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، کھلاڑیوں میں توانائی اور جیت کا جذبہ موجود ہے اور وہ بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ منیبہ علی، سدرہ امین، عالیہ ریاض، شوال ذوالفقار، صدف شمس، نتالیہ پرویز، ایمان فاطمہ، ڈیانا بیگ، رامین شمیم، سدرہ نواز، عمیمہ سہیل، سیدہ عروب شاہ، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔
