متحدہ عرب امارات نے ویزہ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے متعدد نئی اقسام متعارف کرادی ہیں، جن میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماہرین، ایونٹس اور سیاحوں کے لیے خصوصی ویزے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ماہرین کے لیے خصوصی ویزہ جاری کیا جائے گا، جبکہ مختلف ایونٹس، فیسٹیولز، نمائشوں، کانفرنسز اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے نیا ایونٹ ویزہ بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ کروز شپ یا تفریحی شپ سے آنے والے سیاحوں کو ملٹی پل انٹری ویزہ دیا جائے گا۔
اماراتی حکومت کے مطابق جنگ یا قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو اسپانسر کے بغیر ایک سالہ رہائشی پرمٹ فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بیوائیں اور طلاق یافتہ خواتین بھی اب بغیر اسپانسر رہائش حاصل کرسکیں گی۔ رشتہ داروں اور دوستوں کے وزٹ ویزہ کے لیے اسپانسر کی کم از کم آمدنی مقرر کردی گئی ہے، اور دوست کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم 15 ہزار درہم ماہانہ آمدنی لازمی قرار دی گئی ہے۔
کاروباری طبقے کے لیے بھی سہولت فراہم کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ بزنس ویزہ مالی ثبوت کی بنیاد پر دیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک کمپنی رکھنے والوں کو بھی بزنس ویزہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ غیر ملکی ڈرائیورز کے ویزے صرف لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ کمپنیاں اسپانسر کرسکیں گی۔
