کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 903 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر معمولی کمی کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 847 پوائنٹس پر بند ہوا۔
منگل کو کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مارکیٹ نے زبردست تیزی کے ساتھ آغاز کیا اور گزشتہ روز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کاروبار کے آغاز پر 1268 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار 115 پوائنٹس پر جا پہنچا۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری کے باعث مارکیٹ میں مزید تیزی دیکھی جارہی ہے اور انڈیکس اس وقت 1370 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 218 پوائنٹس کی نئی سطح پر موجود ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق تیزی کا یہ رجحان سیاسی استحکام، بہتر معاشی اشاریوں اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کی توقعات کے باعث دیکھنے میں آرہا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

