فلسطین کی حمایت کرنے والی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل سینٹر آف جسٹس فار فلسطین (ICJP) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق امن منصوبے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تنظیم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ نہ انصاف فراہم کرتا ہے اور نہ ہی احتساب کو یقینی بناتا ہے۔ بیان کے مطابق ٹرمپ کا منصوبہ "سطحی، نوآبادیاتی سوچ کا حامل اور فلسطینی عوام کی خواہشات سے خالی” ہے۔
آئی سی جے پی نے کہا کہ منصوبہ نہ تو فلسطینی عوام کی رائے کا احترام کرتا ہے اور نہ ہی حقیقی مسائل کے حل کی طرف لے کر جاتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ اس میں اسرائیلی قبضے کی بنیادی وجوہات کو نظر انداز کیا گیا ہے اور اسرائیلی انخلا کی مبہم شرائط کے نفاذ کا کوئی واضح طریقہ کار موجود نہیں۔
تنظیم نے خبردار کیا کہ یہ منصوبہ اسرائیل کو امن عمل میں رکاوٹیں ڈالنے یا اسے تاخیر کا شکار کرنے کے لیے موقع فراہم کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ٹرمپ کی زیر صدارت بورڈ آف پیس میں سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر جیسے رہنماؤں کی شمولیت پر بھی تنقید کی گئی۔

