لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایک بار پھر بھارتی کپتان کو دفتر آکر ٹرافی وصول کرنے کی دعوت دے دی۔
بھارتی میڈیا میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے غلطی مانتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔ تاہم اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا مؤقف سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے بھارتی میڈیا کی خبروں کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ میں نے کوئی غلطی کی اور نہ ہی کسی سے معافی مانگی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے بھارت کو ٹرافی دینے کے لیے وہ پہلے دن سے تیار تھے اور آج بھی اگر بھارتی ٹیم چاہے تو ٹرافی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کپتان میرے دفتر آئیں اور ٹرافی لے جائیں۔
چیئرمین پی سی بی نے بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا کام صرف اپنے عوام کو بیوقوف بنانا ہے، بدقسمتی سے بھارت نے کرکٹ کو سیاست میں الجھا دیا ہے جس سے کھیل کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

