اسلام آباد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بہترین کارکردگی سے خوف آتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر اتحادی کوئی ڈھنگ کا مشورہ دیں تو کیوں نہیں لیں گے مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاست شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بیرونی امداد نہیں لی، تو زبردستی مداخلت کیوں کی جا رہی ہے؟ انتظامی معاملات میں کسی صوبے کا دخل دینا یا انہیں سیاسی رنگ دینا قطعی نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ صرف بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہوں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جب سندھ میں سیلاب آیا تو پنجاب حکومت نے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا تھا۔ پیپلز پارٹی کو مریم نواز کی کارکردگی سے خوف آتا ہے، مقابلہ کارکردگی میں ہونا چاہیے نہ کہ الزام تراشی میں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے اتحاد ملک میں استحکام اور آگے بڑھنے کے لیے مثبت نتائج دے رہا ہے، لہٰذا سیاسی اختلاف کے باوجود تعاون اور عوامی خدمت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

