شارجہ: بنگلادیش نے افغانستان کو مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کیے۔ اننگز میں ابراہیم زادران 38 رنز اور وکٹ کیپر بلے باز رحمٰن اللہ گُرباز 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے اسپنرز نسم احمد اور رشاد حسین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دیگر بولرز نے بھی نپی تلی گیند بازی کی۔
جوابی اننگز میں بنگلادیشی بیٹنگ لائن کو افغان بولرز نے مسلسل دباؤ میں رکھا اور میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا۔ تاہم بنگلادیش نے 148 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 8 وکٹ کے نقصان پر مکمل کرلیا۔
بلے بازوں میں شمیم حسین نے 33، جاکر علی نے 32 اور نور الحسن نے 31 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
یوں بنگلادیش نے افغانستان کو 2 وکٹوں سے ہرایا اور 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی اتوار کو کھیلا جائے گا۔

