وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات اور معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سازشیں اور افواہیں آخر کار دم توڑ گئیں۔
وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے تمام اراکین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے، حکومت کشمیری عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی مفاد اور امن حکومت کی ترجیح ہے، ہم آزاد کشمیر کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان دھرنے سے گریز کریں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پہلے بھی کشمیری عوام کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے کئی سیشنز کے بعد رات گئے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ تحریری معاہدہ طے کیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس معاہدے کو پاکستان، آزاد کشمیر اور جمہوریت کی فتح قرار دیا جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ کمیٹی کے نمائندوں نے کہا کہ یہ آزاد کشمیر کا اندرونی معاملہ ہے، جسے بہترین طریقے سے حل کیا گیا ہے اور کسی دوسرے ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

