لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
لاہور میں ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، سرکلر روڈ، مال روڈ، ایئرپورٹ، صدر، باغبان پورہ، ہربنس پورہ اور مغل پورہ میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشن راوی، ساندہ، سمن آباد، چوبرجی اور علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
اوکاڑہ، ساہیوال اور قصور میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع استور کے بالائی علاقوں، خصوصاً چلم شیر قلی اور قریبی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

