میڈرڈ: اسپین کی پارلیمنٹ نے اسرائیل سے ہتھیاروں کی خریدو فروخت پر مکمل پابندی کی منظوری دے دی ہے، جسے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف ایک تاریخی اور جرات مندانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسپین کی پارلیمنٹ میں اس پابندی سے متعلق بل پر رائے شماری کے دوران 178 ارکان نے قانون کے حق میں جبکہ 169 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ اس منظوری کے بعد اسپین اب اسرائیل کو کسی بھی قسم کا دفاعی ساز و سامان، فوجی مصنوعات یا جنگی ٹیکنالوجی برآمد یا درآمد نہیں کرے گا۔ قانون کے تحت دفاعی تعاون، فوجی تربیت، اور مشترکہ دفاعی منصوبوں میں شرکت پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس فیصلے کو اسپین میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک اہم موڑ سمجھا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ کے اراکین نے دورانِ اجلاس کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں ہونے والی تباہی، شہریوں کی ہلاکتیں، اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے چیلنج بن چکی ہیں۔ اراکین نے واضح کیا کہ اسپین کسی بھی ایسے ملک کے ساتھ عسکری تعلقات برقرار نہیں رکھ سکتا جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کو مسلسل پامال کر رہا ہو۔
اسپین کی پارلیمنٹ نے یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کریں اور اسرائیل کے خلاف مشترکہ پابندیاں عائد کریں تاکہ انسانی المیے کا سلسلہ روکا جا سکے۔ اسپین نے واضح کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری خاموشی توڑ کر ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے متحد ہو۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں کئی ماہ سے جاری ہیں، جن میں ہزاروں فلسطینی شہری جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اسپین پہلا یورپی ملک بن گیا ہے جس نے اسرائیل سے دفاعی تعلقات منقطع کر کے ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ انسانی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، اسپین کا یہ اقدام دیگر یورپی ممالک پر بھی دباؤ ڈالے گا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے فوجی و تجارتی تعلقات پر نظرِ ثانی کریں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کو "انصاف کی سمت ایک درست قدم” قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یورپ کے دیگر ممالک بھی جلد اسی نوعیت کے فیصلے کریں گے تاکہ غزہ میں جاری خونریزی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

