اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا محافظ رہے گا، اور ان کے احترام و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
سعودی وفد کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر مسلمان کے دل میں حرمین شریفین کا غیر متزلزل احترام موجود ہے، اور ان کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنا ایمان کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ عقیدت، اعتماد اور تاریخی دوستی پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں اشتراکِ عمل بڑھانا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو اقتصادی خوشحالی میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاروباری خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دونوں ملکوں کو قریبی تعاون جاری رکھنا ہوگا۔
اس موقع پر سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اخوت، ایمان اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان میں سعودی عرب-پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے ہیں تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
شہزادہ منصور کا کہنا تھا کہ سعودی کاروباری طبقے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو معاشی شراکت داری کی نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔

