راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع اورکزئی میں آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے نشانہ بنائے گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا۔ یہ کارروائی اس حملے کے بعد کی گئی جس میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے حملہ کر کے 11 جوانوں کو شہید کر دیا تھا، جن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 دیگر جوان شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالب فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ دشمن کے باقی ماندہ عناصر کو بھی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ملک میں امن و استحکام کے قیام تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

