لاہور: جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 اکتوبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آج دوپہر ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے پہلے میچ کی پلئینگ الیون کو حتمی شکل دینے پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان دو ریگولر فاسٹ بولرز اور دو اسپنرز کے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود اسپنر آصف آفریدی کی بولنگ سے متاثر ہیں اور وہ ان کے ڈیبیو کے حامی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ پلئینگ الیون کے لیے عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود اور بابر اعظم کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، جب کہ مڈل آرڈر کے لیے سعود شکیل، محمد رضوان اور سلمان علی آغا مضبوط امیدوار ہیں۔ اسپنرز میں ساجد خان اور نعمان علی کے نام زیر غور ہیں، جبکہ فاسٹ بولرز میں شاہین آفریدی اور خرم شہزاد کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
حتمی ٹیم کا اعلان ٹریننگ سیشن کے بعد متوقع ہے۔

