لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت اسلحے کی نمائش، عوامی اجتماعات، جلسے، جلوس اور دھرنوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی کے ساتھ ساتھ اذان اور خطبے کے علاوہ کسی بھی مقصد کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ممکنہ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کو کسی بھی وقت سیل کرنے اور موبائل فون سروس معطل کرنے کے اقدامات بھی زیر غور ہیں۔
یاد رہے کہ ٹی ایل پی نے آج اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جب کہ گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پارٹی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔
