منیلا: فلپائن کے جزیرے مینڈاناؤ کے ساحل کے قریب شدید زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح 9 بج کر 43 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے بعد بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں ایک میٹر اونچی لہروں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
زلزلہ پیما ادارے کے مطابق اگلے دو گھنٹوں میں سونامی لہروں کے ممکنہ اثرات کے پیشِ نظر ساحلی آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تاحال کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حکام نے الرٹ جاری رکھتے ہوئے ہنگامی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر 2025 کو بھی فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچائی تھی، جس میں 74 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

