کراچی: پاکستان اور سعودی عرب نے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی اور کھیلوں کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔
جمعہ کو کراچی میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی موجودگی میں دو اہم یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں کے تحت دونوں ممالک نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔
تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، قونصل جنرل محمد عبداللہ السبیعی، سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دونوں ممالک کے وفود کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور کھیل کے فروغ سے ہی پاکستان کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جلد ایک دوستانہ میچ بھی منعقد کیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور ان کے وفد کو کراچی ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے گورنر سندھ کی کاوشوں کو سراہا اور میزبانی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی جانب سے دکھائی جانے والی گرمجوشی پر اظہارِ تشکر کیا۔

