اسلام آباد: دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افغانستان سے واحد درخواست یہ ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، کیونکہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ سفارتکاری کو ترجیح دی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتا ہے۔ ان کے مطابق سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی یہ کارروائیاں مصدقہ، درست اور احتیاط کے ساتھ انجام دی جاتی ہیں تاکہ بے گناہ شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ بیان “Enough is Enough” سے پاکستان کے عزم، سنجیدگی اور واضح موقف کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین دہشت گرد گروہوں کے استعمال سے محفوظ رکھے، کیونکہ دہشت گردی کا نقصان دونوں ممالک کو پہنچتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت، تعاون اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کو ترجیح دی ہے، اور امن کے لیے اپنے کردار کو جاری رکھے گا۔

